بھٹکل 22/مارچ (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا سے ہوئے دیگر مقامات سے اڈپی ضلع میں داخل ہونے والی موٹر گاڑیوں کی چیکنگ شیرور میں ہی شروع کی گئی ہے،اور بسوں، موٹر کاروں وغیرہ سے سفر کرنے والے مسافروں کی طبی جانچ کرنے کے بعد ہی آگے بڑھنے کی اجازت دی جارہی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق مقامی پنچایت اور محکمہ صحت کا عملہ ممبئی، گوا، دھارواڑ، بیلگاوی اور دوسرے مقامات سے آنے والی موٹر گاڑیوں کو روک کر مسافروں کی ابتدائی طبی جانچ کررہا ہے۔ آج سے شروع کی گئی اس مہم میں ممبئی سے آنے والے تین مسافروں کے اندر کچھ علامات ایسی پائی گئیں جس سے ان پر کورونا وائرس سے متاثر ہونے کاشبہ ہوا، اس لئے انہیں روک کر محکمہ صحت کے عملے نے مزید جانچ پڑتال کے ان مسافروں کو اڈپی ضلع اسپتال میں بھیجنے کا انتظام کردیا ہے۔بقیہ مسافروں کو طبی جانچ کا عمل مکمل ہونے کے بعد اپنا سفر جاری رکھنے کی اجازت دی گئی۔
محکمہ صحت کے افسران کا کہنا ہے ان تینوں کو محض شبہ کی وجہ سے روکا گیا ہے اور تفصیلی جانچ اور معائنے کے لئے اڈپی اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ مزید معائنے کے بعد ہی ان کے سلسلے میں کوئی قطعی نتیجہ نکالا جاسکے گا۔
اسی دوران خبر ملی ہے کہ کیرا لہ کے کاسرگوڈ میں مزید 6افراد کے اندر کورونا وائرس پوزیٹیو پایا گیا ہے، جس کے بعد وہاں پر تصدیق شدہ مریضوں کی14ہوگئی ہے۔اہم بات یہ ہے کہ ان میں سے اکثر مریض بیرون ممالک سے لوٹنے والے افراد ہیں۔کیرالہ میں ریاست گیر پیمانے پر سنیچر کے دن 12نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی ہے جن کو کورونا وائرس لگ گیا ہے۔جبکہ جمعہ کے دن 12مریضوں کی تشخیص ہوگئی تھی۔ اس طرح اب تک تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 52ہوگئی ہے۔
کیرالہ کی اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے کرناٹکا نے کیرالہ کے ساتھ اپنی سرحد پوری بند کردی ہے اور کیرالہ سے تمام موٹر گاڑیوں کی ریاست میں آمد و رفت پرمکمل روک لگادی ہے۔